پاکستان کے ساتھ تعلقات پر افغان وزیر خارجہ کا اہم بیان سامنے آگیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)افغان وزیر خارجہ  مولوی امیر خان متقی نےپاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی خواہش ظاہر کر دی۔افغان وزارت خارجہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ گفتگو اس وقت سامنے آئی جب افغان عبوری حکومت کے وزیرخارجہ امیر خان متقی نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ عبداللہ بن زیاد النہیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال، افغانستان اور امریکا کے معاملات، اور پاک افغان تعلقات میں حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
امیر خان متقی نے اس موقع پر ایک امریکی قیدی کی رہائی میں کامیاب ثالثی پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ باقی معاملات بھی سفارتی ذرائع سے حل کیے جا سکتے ہیں،انہوں نے خطے میں جاری کشیدگی خصوصاً ایران کے خلاف حالیہ جنگی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقائی امن کے لیے خطرہ قرار دیا۔
پاک افغان تعلقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ افغانستان اپنی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا اور اس ضمن میں عملی اقدامات کیے جا چکے ہیں۔ اماراتی وزیر خارجہ نے بھی اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں اور اس کے حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری رہیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *