ایران کے ڈر سے ارب پتی لوگ دبئی چھوڑ کر بھاگنے لگے؟ایک ٹکٹ تین کروڑ کا ہو گیا

دبئی،ریاض (نیوز ڈیسک) قطر، بحرین اور دبئی کے سیاحتی مراکز میں دھماکوں کے بعد خلیجی ممالک سے امیر افراد کے انخلا میں تیزی آ گئی ہے اور نجی طیاروں کے کرائے ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ارب پتی افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لیے ایک ایک ٹکٹ کے بدلے 3 لاکھ 50 ہزار ڈالر (تقریباً 3 کروڑ پاکستانی روپے) تک ادا کرنے کو تیار ہیں۔

ذرائع کے مطابق دبئی اور ابوظہبی کے پرتعیش رہائشی علاقوں اور پینٹ ہاؤسز میں بتدریج سناٹا چھاتا جا رہا ہے جہاں چند روز پہلے تک دنیا کے امیر ترین افراد قیام پذیر تھے۔ سکیورٹی خدشات کے باعث متعدد افراد ایس یو وی گاڑیوں کے قافلوں کی صورت میں دبئی سے ریاض منتقل ہو رہے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی سے ریاض تک تقریباً 10 گھنٹے کے زمینی سفر کے لیے نجی سکیورٹی کمپنیوں نے خصوصی انتظامات کیے ہیں جبکہ ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ عارضی ایگزٹ ہب کی حیثیت اختیار کر گیا ہے، جہاں سے چارٹرڈ طیاروں کے ذریعے کاروباری شخصیات اور عالمی کمپنیوں کے سربراہان یورپ سمیت دیگر ممالک روانہ ہو رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حالیہ حملوں نے خلیجی ممالک کی محفوظ معاشی مرکز کی حیثیت کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔ ماضی میں یہ تصور کیا جاتا تھا کہ خطے کے تنازعات کے باوجود دبئی اور قطر جیسے معاشی مراکز محفوظ رہیں گے، تاہم حالیہ حملوں کے بعد یہ تاثر کمزور پڑ گیا ہے۔

ادھر سعودی عرب کے اہم توانائی مرکز راس تنورہ میں واقع آرامکو آئل تنصیبات کو بھی ڈرون حملے میں نشانہ بنانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد عالمی تیل منڈی میں غیر یقینی صورتحال بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سعودی وزارت دفاع کے مطابق دو ڈرون مار گرائے گئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *