شناختی کارڈ اور بَ فارم بنوانے والوں کی بڑی مشکل آسان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) کراچی میں نیا نادرا میگا سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، جس میں قومی شناختی کارڈ، بَ فارم، تھیلیسیمیا سرٹیفکیٹ، اسلحہ لائسنس سمیت متعدد عوامی خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ماڈل کالونی ٹاؤن اور کالابورڈ میں جدید نادرا میگا سینٹر کے قیام کے لیے نادرا اور ماڈل کالونی ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کردیے گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ اس میگا سینٹر میں شہریوں کی سہولت کے لیے 30 کاونٹرز قائم کیے جائیں گے۔ میگا سینٹر میں قومی شناختی کارڈ، بَ فارم، تھیلیسیمیا سرٹیفکیٹ، اسلحہ لائسنس سمیت متعدد عوامی خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔ ڈی جی نادرا سندھ عامر علی خان نے بتایا کہ بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کے لیے الگ کاونٹرز بھی مختص کیے جائیں گے تاکہ انہیں فوری اور باوقار سہولت فراہم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم کے بڑھتے حملوں کے باوجود نادرا نے شہریوں کے ڈیٹا کو لیکج سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ ڈی جی نادرا کا مزید کہنا تھا کہ جدید میگا سینٹر کے قیام سے لوگوں کو تیز، شفاف اور معیاری خدمات ملیں گی جبکہ ملیر، شاہ فیصل، کورنگی سمیت اردگرد کے علاقوں کے شہری بھی مستفید ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *