وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف ٹوئیٹ ،فاسٹ باؤلر نسیم شاہ پر کروڑوں روپے جرمانہ عائد

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستانی فاسٹ بائولر نسیم شاہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف ٹوئیٹ کرنے پر زیرعتاب آ گئے ، قومی بائولر پر 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے ، پی سی بی نے شوکاز نوٹس 27 مارچ کو جاری کیا تھا۔

اس حوالے سے تین رکنی ڈسپلنری کمیٹی نے سماعت کی، نسیم شاہ کی غیر مشروط معافی کا نوٹس لیا گیا،قومی بائولر کی جانب سے سنٹرل کنٹریکٹ کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی ثابت ہوئی ہے، بائولر کی جانب سے سوشل میڈیا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی بھی سامنے آ ئی ہے۔

فاسٹ بائولر نسیم شاہ کے سوشل میڈیا ایڈوائزر کو برطرف کر دیا گیا،پی سی بی نے ایڈوائزر کو بلیک لسٹ کرنے کا فیصلہ کیا،ایڈوائزر کسی بھی پی سی بی کنٹریکٹڈ کھلاڑی کے ساتھ کام نہیں کر سکے گا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ نسیم شاہ کے آفیشل ایکس (ٹویٹر) اکاؤنٹ سے ایک ٹویٹ وائرل ہوا جو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خلاف تھا۔ مریم نواز اس میچ میں مہمانِ خصوصی تھیں اور شائقین کو داخلے کی اجازت نہ ہونے کے باوجود وہ اپنے خاندان کے ہمراہ وہاں موجود تھیں، جس پر نسیم شاہ کے اکاؤنٹ سے تنقید کی گئی۔

ٹویٹ میں لکھا گیا تھا کہ “انہیں اس طرح کیوں ٹریٹ کیا جا رہا ہے جیسے لارڈز کرکٹ اسٹیڈیم میں ملکہ انگلستان کو کیا جاتا ہے؟” یہ ٹویٹ صرف 14 منٹ تک آن لائن رہا اور پھر اسے ڈیلیٹ کر دیا گیا، لیکن اس دوران سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی۔

اب نسیم شاہ نے اس ٹویٹ سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی ہے کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا تھا اور یہ سیکیورٹی کی خلاف ورزی کا نتیجہ تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *