قدرت کا عجیب نظام۔۔۔کس ملک میں اگلے 64 دن تک سورج طلوع نہیں ہوگا؟

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) امریکی ریاست الاسکا کے سب سے شمالی علاقے اتقیاگوِک میں قطبی رات (پولر نائٹ) کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے باعث یہاں آئندہ 64 دن تک سورج افق سے اوپر نہیں آئے گا۔رواں سال کا آخری سورج غروب ہونے کے بعد اب یہ شہر 22 جنوری 2026 تک مکمل دھوپ سے محروم رہیگا، قطبی رات کا یہ منفرد مظہرزمین کے محورکے جھکاؤ کے باعث پیش آتا ہے جوآرکٹک سرکل کے قریب واقع علاقوں میں طویل اندھیرا لاتا ہے۔

اگرچہ سورج کی روشنی مکمل طورپرغائب رہتی ہے تاہم اتقیاگوِک مکمل تاریکی میں نہیں ڈوبتا، یہاں روزانہ چند گھنٹوں کیلئے “سِول ٹوائلائٹ” یعنی ہلکی نیلی روشنی دکھائی دیتی ہے جو طلوع آفتاب سے پہلے کے منظر سے مشابہ ہوتی ہے۔ اتقیاگوِک، فیئر بینکس سے تقریباً 500 میل شمال مغرب میں واقع ہے اور یہاں 4 ہزار 400 کے قریب افراد آباد ہیں۔ یہ خطہ آثار قدیمہ کے اعتبار سے بھی اہم ہے جہاں انسانی آبادی کے آثار 500 عیسوی تک ملتے ہیں۔

سورج کی حرارت نہ ملنے کے باعث آرکٹک علاقوں میں سردیوں کے دوران درجہ حرارت بہت تیزی سے کم ہو جاتا ہے، قطبی رات کی طویل تاریکی پولر ورٹیکس کی تشکیل میں بھی کردارادا کرتی ہے، جو زمین کے اسٹراٹوسفیئر میں انتہائی سرد ہواؤں پر مشتمل کم دباؤ کا نظام ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں سردیوں میں یہاں 60 سے زائد دن تاریکی رہتی ہے، وہیں گرمیوں کے دوران اتقیاگوِک تقریباً تین ماہ تک مسلسل سورج کی روشنی میں نہایا رہتا ہے اوراسی دوران امریکا کی سب سے شمالی فٹ بال ٹیم بیرو ہائی اسکول بھی سرگرم رہتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *