ماڈل واداکارہ حمیرا اصغر کا آخری رابطہ کب اور کس سے ہوا؟

کراچی (ویب ڈیسک) ڈیفنس فیز  6 میں فلیٹ میں مردہ پائی گئی اداکارہ حمیرا اصغر کے فون کا فرانزک مکمل کرلیا گیا۔
کراچی پولیس کے ڈی آئی جی اسد رضا کہناہے کہ حمیرا اصغر کا فون آخری مرتبہ اکتوبر 2024 میں ایکٹیو ہو ا  تھا، کال ڈیٹیل ریکارڈ (سی ڈی آر) کے مطابق اداکارہ کے فون ریکارڈ میں آخری میسجز اکتوبر 2024 کے ہیں ،ان کے فون میں آخری میسیج آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کا ہے۔

دوسری جانب اداکارہ گزشتہ 9 ماہ سےسوشل میڈیا  پر بھی ایکٹو نہیں تھیں،ان کی جانب سے فیس بک پر آخری پوسٹ 11 ستمبر 2024 کو جبکہ انسٹاگرام پر آخری پوسٹ 30 ستمبر 2024 کو کی گئی تھی۔حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو اتحاد کمرشل کے ایک فلیٹ سے اس وقت ملی جب کرائے کی عدم ادائیگی پر مالک مکان کے عدالت پہنچنے پر عدالتی بیلف ان کے گھر پہنچا اور فلیٹ کا دروازہ نہ کھولنے پر دروازہ توڑا گیا تو اداکارہ کی لاش برآمد ہوئی۔لاہور سے تعلق رکھنے والی حمیرا اصغرعلی کئی سالوں سے کراچی میں مقیم تھیں، 2018 میں انہوں نے فلیٹ کرائے پر لیا تھاجبکہ، 2024 سے کرایہ نہ دینے پر مالک نے کیس کررکھا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ حمیرا اصغر کی لاش کو سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *