شدید بارش، ژالہ باری اور آندھی

اسلام آباد / راولپنڈی (نیوز ڈیسک)نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی جانب سے پنجاب بھر میں 18 اور 19 اپریل کو شدید بارش، ژالہ باری اور آندھی طوفان کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ عوام، کسانوں اور متعلقہ اداروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ممکنہ موسمی خطرات سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اور پنجاب کے کئی اضلاع بشمول اٹک، چکوال، گجرات، جہلم میں آندھی طوفان اور ژالہ باری کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح فیصل آباد، حافظ آباد، جھنگ، خوشاب، میانوالی، لاہور، نارووال، ساہیوال، سرگودھا اور شیخوپورہ میں بھی شدید موسمی صورت حال کا سامنا ہو سکتا ہے۔

تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے باعث بجلی کی بندش، درختوں کے گرنے اور دیگر حادثات کا اندیشہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کا بھی امکان ہے، جس پر کسانوں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این ای او سی نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ وہ اس دورانیے میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور آندھی و طوفان کے دوران کمزور عمارتوں، کھمبوں اور درختوں کے نیچے پناہ نہ لیں۔

مزید یہ کہ عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ موسمی صورتحال سے بروقت آگاہی کے لیے این ڈی ایم اے کی موبائل ایپ “ڈیزاسٹر الرٹ” کو فالو کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *