
کلب کی چھت گرنے سے 79 افراد ہلاک، 150 سے زائد زخمی
ڈومینیکن(نیوزڈیسک) نائٹ کلب کی چھت گرنے سے سابق بیس بال کھلاڑی سمیت 79افراد ہلاک ہو گئے۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق جمہوریہ ڈومینیکن کے دارالحکومت سانتو ڈومنگو میں ایک نائٹ کلب کی چھت گرنے کے باعث کم از کم 79 افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ واقعہ منگل کی علی الصبح معروف گلوکار ربی پیریز کے کنسرٹ کے دوران نائٹ کلب میں پیش آیا۔حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں صوبائی گورنر اور سابق میجر لیگ بیس بال کھلاڑی اوکٹاویو ڈوٹیل بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کے وقت کلب کے اندر سیکڑوں افراد موجود تھے،حادثے کے بعد کئی افراد ملبے تلے دب گئے جن کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
البتہ ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے ڈائریکٹر نے امید ظاہر کی ہے کہ ملبے کے نیچے کئی افراد اب بھی زندہ ہو سکتے ہیں۔دوسری جانب جمہوریہ ڈومینیکن کے صدر نے اس افسوسناک واقعے پر متاثرہ خاندانوں سے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
Leave a Reply