لاہور ہائیکورٹ سے بڑی خبر آگئی، 9مئی سے متعلق کیس, پی ٹی آئی رہنما کی سزا معطل

 پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سابق اہم پی اے جنید افضل ساہی کو سانحہ 9 مئی سے متعلق کیس میں لاہور ہائیکورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا، عدالت نے انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے سنائی گئی 3 سال قید کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں اپیل کے فیصلے تک ریلیف فراہم کر دیا۔

 جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے  فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد  جنید افضل ساہی کی سزا معطلی کی درخواست منظور کی۔

کیس کے مطابق جنید افضل ساہی کے خلاف سانحہ 9 مئی کے تناظر میں تھانہ سول لائن فیصل آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

بعد ازاں انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد نے مقدمے کی سماعت مکمل کرتے ہوئے انہیں تین سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف انہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے۔

سماعت کے دوران ملزم کی جانب سے چوہدری عزیر اشرف ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل سے کسی قسم کی برآمدگی نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی شخص کو زخمی کرنے کا الزام ثابت ہو سکا،انہوں نے عدالت کو بتایا کہ حساس اداروں کے خلاف نعرے بازی کا بھی کوئی ٹھوس ثبوت ریکارڈ پر موجود نہیں۔

وکیل صفائی چوہدری عزیر اشرف ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ جنید افضل ساہی کو تین سال قید کی سزا سنائی گئی جبکہ وہ گزشتہ 7 ماہ سے جیل میں ہیں، اس لیے استدعا ہے کہ  سزا معطل کی جائے۔

دوسری جانب سرکاری وکیل اور اسپیشل پراسیکیوٹر نے سزا معطلی کی درخواست کی مخالفت کی، تاہم وہ عدالت کو سزا برقرار رکھنے کے حوالے سے مطمئن نہ کر سکے،عدالت نے دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد سابق ایم پی اے کی سزا معطل کردی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *