
کیا پنجاب میں سکول بند ہورہے ہیں؟ وزیر تعلیم رانا سکندر نے تصدیق کردی
لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے اسکولز شیڈول کے مطابق کھلے رہیں گے اور کسی قسم کی بندش یا آن لائن کلاسز نہیں ہوں گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ان کا یہ مختصر مگر دوٹوک بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں تعلیمی اداروں کے کھلنے اور بندش کے حوالے سے مختلف افواہیں گردش کر رہی تھیں۔
صوبائی وزیر تعلیم نے واضح کیا کہ تمام تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی اور طلبہ کو کلاس روم میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے یہ اقدام طلبہ، والدین اور اساتذہ کے لیے یکساں معلومات فراہم کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے تاکہ تعلیمی نظام میں کسی قسم کی خلل یا الجھن پیدا نہ ہو۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں تمام وفاقی تعلیمی اداروں کے لیے 24 مارچ سے 27 مارچ تک بہار کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے،سکول اور کالجز 30 مارچ سے دوبارہ کھلیں گے جس کی تصدیق سرکاری نوٹیفیکیشن میں کی گئی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اس بار بہار کی تعطیلات کو عید الفطر کی تعطیلات کے ساتھ ہم آہنگ کیا گیا ہے تاکہ طلباء اور عملے کو تہوار کے موقع پر طویل وقفہ فراہم کیا جا سکے۔
Leave a Reply