وہی ہوا جس کا ڈر تھا۔۔۔پی ٹی آئی سے ہم خیال گروپ سامنے آ گیا

گلگت بلتستان کے سابق گورنر راجہ جلال حسین مقپون، سابق وزیراعلیٰ حاجی گلبرخان اور دیگر سابق وزراء نے مشترکہ پریس کانفرنس میں ہم خیال گروپ کی آئندہ انتخابی حکمت عملی سے پردہ اٹھا دیا۔

اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ حاجی گلبرخان نے کہا کہ ہم خیال گروپ میں چھ سے سات حلقوں سے سابق پی ٹی آئی کے ممبران اسمبلی شامل ہیں جو خطے کی سیاست میں اہم کرداررکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خالد خورشید کی نااہلی کے بعد ان کے گروپ نے حکومت سنبھالی اورمشکل حالات میں عوامی مسائل حل کئے۔

حاجی گلبر خان کے مطابق اگر وہ دیگر سیاسی جماعتوں میں شامل ہو کرالیکشن میں حصہ لیتے تو انہیں جونیئرقیادت کے تحت کام کرنا پڑتا، جوان کے سیاسی قد اورتجربے کے منافی تھا۔

سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم خیال گروپ میں گلگت بلتستان کے اہم اور سینئر سیاسی رہنما شامل ہیں اور آج یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ گروپ کی حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا جائے گا۔

تاہم الیکشن سے قبل مختلف سیاسی جماعتوں سے بات چیت اور مشاورت کی جائے گی اور جو جماعت موزوں ہوگی، اس میں شمولیت کا امکان بھی موجود ہے۔

حاجی گلبر خان نے دعویٰ کیا کہ گلگت بلتستان میں ان کا گروپ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی سے زیادہ مضبوط ہے اور آئندہ انتخابات میں تمام حلقوں سے بھرپور حصہ لیا جائے گا۔

انہوں نے اپنی سابق حکومت کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ ترقیاتی کام ان کے دور میں ہوئے، گندم سبسڈی میں عوام کو بڑا ریلیف فراہم کیا گیا اور اساتذہ کرام کے دیرینہ مسائل حل کیے گئے، جس سے عوامی اعتماد مزید مضبوط ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *