پولیس اہلکار کی بیوی کاسڑک پر ڈانس، ٹریفک جام ہوگیا

نئی دہلی ( آن لائن) چنڈی گڑھ میں ایک پولیس کانسٹیبل کو اس وقت معطل کر دیا گیا جب اس کی بیوی کی ایک وائرل ویڈیو نے تنازع کھڑا کر دیا۔ ویڈیو میں خاتون کو مصروف سڑک پر زیبرا کراسنگ پر ڈانس کرتے دیکھا جا سکتا ہے جس کے باعث ٹریفک میں شدید خلل پڑا۔

سیکٹر 19 پولیس سٹیشن میں تعینات اجے کنڈو نامی اہلکار کی بیوی جیوتی کنڈو نے 22 مارچ کو انسٹاگرام پر ایک رییل پوسٹ کی۔ ویڈیو میں جیوتی کو ایک مشہور ہریانی گانے پر سڑک کے بیچ ڈانس کرتے دیکھا گیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی اور مقامی پولیس کی توجہ کا مرکز بن گئی۔

ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ جیوتی بے فکری سے ٹریفک کے درمیان ڈانس کر رہی ہے، جبکہ اس کی بہن پوجا ویڈیو بنا رہی تھی۔ دیکھنے میں یہ ایک معصوم حرکت لگ رہی تھی لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ اس کی وجہ سے سڑک پر شدید ٹریفک جام ہو گیا۔

نیوز 18 کے مطابق ایک مخبر نے پولیس کو اطلاع دی کہ دونوں خواتین ویڈیو بنانے میں اتنی محو تھیں کہ انہوں نے اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈال دیا۔ مخبر کے مطابق ان کی غیر ذمہ دارانہ حرکت سے حادثے کا خدشہ بڑھ گیا تھا۔ اطلاع ملنے کے بعد اسسٹنٹ سب انسپکٹر بلجیت سنگھ کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے گرودوارہ چوک اور پولیس کنٹرول روم کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا۔ فوٹیج میں دیکھا گیا کہ جیوتی کنڈو پیلے رنگ کے سوٹ میں سڑک کے درمیان ڈانس کر رہی تھی، جبکہ ایک اور خاتون اس کی ویڈیو بنا رہی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *