پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں، وفاقی وزیر پٹرولیم نے عوام کو بڑی خوشخبری سُنا دی

اسلام اباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیرپیٹرولیم علی پرویزملک نےکہا ہے کہ اگلے 2 روز میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمت برقرار رہی تو اچھی خبر سامنے آئے گی،خطے میں غیر معمولی جنگی حالات اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں شدید اضافے کے باوجود حکومت نے پاکستان میں ایندھن کی قلت پیدا نہیں ہونے دی جبکہ قیمتوں میں کمی کا فائدہ بھی عوام تک منتقل کیا گیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا چیلنج اب بھی موجود ہے، تاہم وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم نے سفارتی اور معاشی محاذ پر کوششیں کرکے ملک میں کہیں بھی ایندھن کی قلت نہیں آنے دی۔

انہوں نے کہا کہ ایک مرحلے پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 500 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی تھیں، تاہم فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی کوششوں سے حالات بہتری اور جنگ بندی کی طرف بڑھے تو عالمی قیمتوں میں کمی کا اثر پاکستان میں بھی ظاہر ہونا شروع ہوا۔

علی پرویز ملک کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے وعدے کے مطابق قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کیا اور ٹیکسوں میں ردوبدل کرکے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے اربوں روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ محدود مالی وسائل اور آئی ایم ایف پروگرام کی پابندیوں کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے مختلف اقدامات کیے، موٹرسائیکل استعمال کرنے والوں کو مالی معاونت فراہم کی گئی، ٹرانسپورٹ شعبے کو کرائے کم رکھنے میں مدد دی گئی جبکہ کسانوں اور ٹریکٹر مالکان کو کسان کارڈ کے ذریعے مالی سہولت پہنچائی گئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اپنی توانائی کی تقریباً 90 فیصد ضروریات درآمدات کے ذریعے پوری کرتا ہے، اس لیے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا براہ راست اثر ملکی معیشت اور عوام پر پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے عمل میں شفافیت کا وعدہ پورا کیا ہے، اوگرا کی ویب سائٹ پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے تعین سے متعلق تفصیلات گزشتہ کئی ماہ کا ریکارڈ سمیت اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہیں، جنہیں شہری اپنے موبائل فون سے بھی دیکھ سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *