ملک میں ایک اور نئی موٹروے بنانے کا فیصلہ،روٹ بھی سامنے آ گیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو سیالکوٹ سے کرتار پور موٹروے کی تعمیر کے لیے فوری طور پر کام کا آغاز کرنے کی ہدایت کردی۔نئی موٹروے کو ’’گرو نانک ایکسپریس وے‘‘کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔

عبدالعلیم خان نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کرتار پور ہائی وے کے گرد و پیش میں زائرین اور سیاحوں کی سہولت کے لیے تھری، فور اور فائیو سٹار ہوٹل بنائے جائیں گے۔اس کے علاوہ موٹروے پر بہترین ریسٹ ایریاز اور عالمی معیار کے شاپنگ مالز کی تعمیر بھی یقینی بنائی جائے گی۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سکھ کمیونٹی کو ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کے لیے لندن، کینیڈا اور امریکہ جیسے ممالک میں بڑے پیمانے پر تشہیری مہم چلائی جائے گی اور این ایچ اے ان منصوبوں کو عالمی روڈ شوز میں بھی پیش کرے گا تاکہ عالمی سطح پر مارکیٹنگ کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیالکوٹ سے کرتار پور موٹروے نہ صرف سکھ زائرین کے لیے آسانی پیدا کرے گی بلکہ اس سے ملحقہ شہروں کے عوام کو بھی سماجی و معاشی فائدہ پہنچے گا۔خاص طور پر نارنگ منڈی اور بدو ملہی کے شہری اس جدید سفری سہولت سے براہ راست مستفید ہوں گے، جس سے علاقے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *