ٹویوٹا کی گاڑی 25 لاکھ روپے تک سستی ہو گئی، مگر کیوں؟ وجہ سامنے آ گئی

لاہور (نیوز ڈیسک)پاک ویلز کے بانی اور معروف آٹو اینالسٹ سنیل منج نے ٹویوٹا گاڑیوں کی قیمتوں میں حالیہ نمایاں کمی کی وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ اس کمی کے پیچھے دو بڑے عوامل کارفرما ہیں۔

ایک پوڈکاسٹ گفتگو کے دوران سنیل منج نے بتایا کہ ٹویوٹا گاڑیوں کی قیمت میں مجموعی طور پر تقریباً 25 لاکھ روپے کی کمی ممکن ہوئی، جس میں سے تقریباً 15 لاکھ روپے حکومت کی جانب سے مختلف ٹیکسوں میں نرمی کے باعث کم ہوئے، جبکہ باقی تقریباً 10 لاکھ روپے ٹویوٹا کمپنی نے اپنے منافع میں کمی کر کے ایڈجسٹ کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی قیمت میں کمی اس وقت ملک بھر میں زیرِ بحث ہے اور آٹو انڈسٹری میں اسے ایک غیر معمولی اور اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ ٹویوٹا انڈس موٹرز نے پاکستان میں اپنے 35 سال مکمل ہونے کے موقع پر اپنی مقبول آف روڈ اسپورٹس یوٹیلیٹی گاڑی ٹویوٹا فارچیونر کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا تھا۔ ماہرین کے مطابق حالیہ برسوں میں کسی بھی بڑی کار ساز کمپنی کی جانب سے یہ سب سے بڑی قیمت میں کمی تصور کی جا رہی ہے۔

نظرثانی شدہ قیمتوں کے مطابق ٹویوٹا فارچیونر جی کی نئی قیمت ایک کروڑ 24 لاکھ 35 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جو اس سے قبل تقریباً 25 لاکھ روپے زیادہ تھی۔ اسی طرح ٹویوٹا فارچیونر وی کی قیمت میں 25 لاکھ 70 ہزار روپے کمی کے بعد نئی قیمت ایک کروڑ 49 لاکھ 35 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *