
بریانی کے بعد تربوز کھانے سے چارافرادکی موت؟اصل حقائق سامنے آگئے
بھارت میں بریانی کے بعد تربوز کھانے سے میاں بیوی اور 2 بچیوں کی موت کی اصل وجہ سامنے آگئی۔ گزشتہ ماہ بھارتی شہر ممبئی میں بریانی کے بعد تربوز کھانے سے میاں بیوی اور 2 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق45 سالہ عبداللہ عبدالقادر، 35 سالہ اہلیہ نسرین، 16 سالہ بیٹی عائشہ اور 13 سال کی زینب نےدیگر رشتے داروں کے ہمراہ بریانی کھائی تھی،بعد ازاں رات ایک بجے تربوز کھالیا جس کے چند گھنٹوں بعد ہی ان کی طبیعت بگڑگئی، صبح 5 کے قریب ان کو شدید قے شروع ہوگئی، ابتدائی طور پر مقامی ڈاکٹر نے طبی امداد فراہم کی لیکن طبیعت مزید بگڑنے پر انہیں دوسرے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں چاروں دوران علاج چل بسے۔
ابتدائی طور پر موت کی وجہ فوڈ پوائزننگ قرار دیا جارہا تھا، تاہم فرانزک میں چاروں افراد کے انتقال کی اصل وجہ سامنے آگئی ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فرانزک رپورٹ سے تصدیق ہوئی ہے کہ ممبئی کے ایک خاندان کے 4 افراد کی موت تربوز کھانے سے ہونے والی فوڈ پوائزننگ کے باعث نہیں بلکہ چوہوں کو مارنے والے زہر سے ہوئی، فرانزک رپورٹ میں لاشوں اور اس تربوز کے نمونوں میں ایک زہریلا مادہ ملا جو چوہے مارنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
کیس میں یہ بڑا انکشاف ان کے پوسٹ مارٹم کے چند دن بعد سامنے آیا، جن میں اندرونی اعضا میں سبز رنگت پائی گئی تھی جو زہر خورانی کی علامت ہوتی ہے،ڈاکٹروں نے ان کے جسموں میں زنک فاسفائٹ کے آثار پائے جو چوہے مار زہر میں استعمال ہونے والا ایک زہریلا کیمیکل ہے،زنک فاسفائٹ اس تربوز کے نمونوں میں بھی پایا گیا جو اس خاندان نے کھایا تھا۔ تفتیش کار اب اس بات کی تفتیش کر رہے ہیں کہ آیا یہ کیمیکل حادثاتی طور پر تربوز میں شامل ہوا یا اسے جان بوجھ کر ڈالا کیا گیا تھا۔
Leave a Reply