بڑی خبر: 12 سے 17 مئی تک بارشیں اور ژالہ باری ، محکمہ موسمیات نے بتا دیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)نے  12سے17 مئی تک ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ موسمی صورتحال کا جائزہ جاری  کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق  پنجاب، سندھ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔گلگت، سکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، گانچھے، شگر، کھرمنگ، مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، راولاکوٹ، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔

خیبرپختونخواکے اضلاع  چترال، دیر، سوات، کالام، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

 اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں بشمول مری،راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، بہاولپور اور بہاولنگر میں بارش، آندھی اور ژالہ باری متوقع ہے۔

سندھ کے مختلف علاقوں حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ، جامشورو اور میرپورخاص میں  تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع  ہے۔

این ای او سی کے مطابق 12 سے 16 مئی تک بالائی علاقوں میں اچانک سیلا ب کا بھی خدشہ ہے۔خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور مقامی سطح پر سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

چترال میں دریائے چترال اور اس کے معاون ندی نالوں بیرر گول، اچولگاہ گول اور میرکھانی کے مقامات پراچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ سوات، دیر، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، طورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور مالاکنڈ کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔گلگت بلتستان کے غذر، ہنزہ، نگر، داریل، تانگیر، دیامراور اسکردو میں مقامی سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق دریائے گلگت، شگر، شیوک اور استور کے معاون ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔آزاد کشمیر کے مظفرآباد، نیلم ویلی اور باغ میں اچانک سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ عوام شدید موسمی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں ، کمزورتنصیبات اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *